بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، آئندہ حج کی تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں:اجلاس میں ہدایات
اسلا م آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں خصوصا خواتین اور بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے ہنرمند نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ کی ہدایت کردی۔نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مربوط اور موثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے۔وزیراعظم نے پالیسی پر عملدرآمد کیلئے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے نوجوانوں بالخصوص خواتین کو روزگار کے نئے مواقع سے جوڑنے کیلئے انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔دریں اثناء شہباز شریف نے آئندہ حج کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے اور پاکستانی عازمینِ حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ حجاج کرام کو دورانِ حج ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور جامع انتظامات کیے جائیں۔وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں آئندہ حج کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو وزارتِ مذہبی امور سے متعلق امور اور وزارت کی جانب سے جاری مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔