لاہور (کرائم رپورٹر) ساندہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت چاند عرف رانا چن کے نام سے ہوئی ہے جو متاثرہ خاتون منزہ بی بی کو وقتاً فوقتاً چھیڑ چھاڑ اور ہراساں کرتا رہا۔ پولیس کے مطابق ملزم خاتون سے ناجائز تعلقات قائم کرنے کا خواہشمند تھا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم ایک روز طیش میں آکر خاتون کے گھر داخل ہوگیا، بازو کھینچنے سے خاتون کے کپڑے پھٹ گئے، ملزم نے گندی گالیاں دیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرہ منزہ بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے ایس ایچ او ساندہ انسپکٹر شرجیل اور ان کی ٹیم کو بروقت کارروائی پر شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔