لاہور(کرائم رپورٹر)بس میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتارکرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے چیٹ کے ذریعے ملزم کو گرفتار کروا دیا۔ویمن سیفٹی ایپ پر چیٹ کے ذریعے خاتون نے بتایا کہ وہ وزیر آباد سے لاہور سفر کر رہی ہے۔خاتون نے الزام لگایا کہ بس کی پچھلی سیٹ پر بیٹھا شخص انہیں ہراساں اور غیر اخلاقی حرکات کر رہا ہے۔خاتون کے مطابق ملزم کو روکنے کے باوجود اپنی حرکت سے باز نہیں آرہا۔ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے خاتون کی فراہم کردہ لائیو لوکیشن پر پولیس کو بھجوا دیا۔بس کے رکتے ہی پولیس نے خاتون کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے بروقت کارروائی کرواتے ہوئے ملزم کو گرفتار کروا دیا۔ترجمان سیف سٹیز کا کہنا تھاکہ خواتین عوامی مقام پر ہراسانی یا کسی ناگہانی صورتحال میں 15 پر کال کر کے 2 دباکر رابطہ کریں۔خواتین ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے بھی فوری پولیس کی مدد حاصل کر سکتی ہیں۔