شادی کا جھانسہ دیکر زیادتی،ویڈیوز بنانے والا گرفتار

 ملزم لڑکی کو بلیک میل کرتا رہا اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں 
لاہور (کرائم رپورٹر) گلبرگ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی سے زیادتی کرنے اور نازیبا ویڈیوز بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی پرائیویٹ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھی، ملزم ایک یونیورسٹی ایونٹ میں شرکت کے دوران وہاں آیا اور چالاکی سے لڑکی کا فون نمبر حاصل کرکے اس سے دوستی کرلی۔ تفتیشی افسران کے مطابق ملزم نے تقریباً سات ماہ قبل شادی کا جھانسہ دے کر متاثرہ لڑکی سے زیادتی کی اور اس دوران ویڈیوز بھی بنائیں۔ بعد ازاں ملزم ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دے کر متاثرہ لڑکی اور اس کے اہلخانہ کو بلیک میل کرتا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالرحمان متاثرہ لڑکی کو نہ صرف بلیک میل کرتا بلکہ اس اور اس کے اہلخانہ کو جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں بھی دیتا تھا۔ اہلخانہ نے معاملہ پولیس کو رپورٹ کیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس کو مزید تحقیقات کے لئے جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔