ویب ڈیسک : مری میں شدید بارشوں کے بعد ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں سڑک کا ایک حصہ متاثر ہوگیا اور راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑ سے بڑے بڑے پتھر سڑک پر گرنے سے ایکسپریس وے کا نصف حصہ متاثر ہوا۔ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ حصے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، تاہم ایکسپریس وے کا باقی حصہ کھلا ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ سڑک کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے اور حکام کے مطابق ایکسپریس وے کو جلد مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر غیرضروری سفر سے اجتناب کریں اور بارش کے دوران پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 2 روز میں 83 سرکاری اسکول مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ متعدد دیگر تعلیمی اداروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔