مری میں لینڈ سلائیڈنگ سے صورتحال سنگین، گھروں میں دراڑیں، رہائشیوں کی نقل مکانی شروع

مری میں لینڈ سلائیڈنگ سے صورتحال سنگین، گھروں میں دراڑیں، رہائشیوں کی نقل مکانی شروع

مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی ہے، جہاں درجنوں درخت گر گئے جبکہ گزشتہ کئی روز سے مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مختلف علاقوں میں متعدد گھروں کی دیواروں، چھتوں اور برآمدوں میں بڑے شگاف پڑ گئے ہیں جس سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے رہائشیوں کی ساز و سامان سمیت ہنگامی نقل مکانی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ مساجد میں اعلانات کے ذریعے لوگوں کو فوری طور پر علاقے خالی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ادھر جھیکا گلی چوک ری ماڈلنگ منصوبہ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا ہے اور مٹی کے تودے گرنے سے منصوبے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید متاثرہ علاقوں سے آبادی کو منتقل کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔دوسری جانب متاثرین کا کہنا ہے کہ چوک کی ری ماڈلنگ سے پہلے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی کی جائے۔ ان کے مطابق اگر لینڈ سلائیڈنگ کو نہ روکا گیا تو مزید سینکڑوں گھر خطرے میں پڑ سکتے ہیں، اس لیے کسی بڑے جانی یا مالی نقصان سے پہلے حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔