مشہور بالی ووڈ اداکار سنی دیول کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’جات‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی، لیکن ایک متنازعہ سین کے باعث اسے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلم کے خلاف ایک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی جس میں الزام لگایا گیا کہ فلم میں ایسے مناظر اور مکالمے شامل ہیں جو مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں۔ شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ فلم میں ایک ایسا مکالمہ بھی شامل ہے جو عیسائیت کے مخالفین کو عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی ترغیب دے سکتا ہے۔اس شدید ردعمل کے بعد فلم کے سازوں نے فوراً متنازعہ منظر کو فلم سے ہٹانے کا فیصلہ کیا اور مسیحی برادری سے معذرت بھی کی۔
ان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا: "ہماری نیت کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی ہرگز نہیں تھی۔ ہم اس پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور منظر کو فوری طور پر حذف کر دیا گیا ہے۔"یاد رہے کہ فلم ’جات‘ 10 اپریل کو ریلیز ہوئی اور یہ سنی دیول کی فلم ’گدر 2‘ کے بعد بڑی اسکرین پر ان کی واپسی تھی۔ ’گدر 2‘ نے 65 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ سنی دیول نے اس کے بعد ’جات 2‘ بنانے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔