خیبرپختونخوا میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان، چترال میں سیلابی صورتحال کا سامنا

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان، چترال میں سیلابی صورتحال کا سامنا

چترال اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں اور برف پگھلنے کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس نے نظام زندگی کو متاثر کیا ہے۔

چترال کے علاقے تورکھو اجنو ریپن گول میں بارشوں کے بعد دوبارہ سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں ریچ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگیا ہے۔ سڑک کی بندش کی وجہ سے آمد و رفت کا نظام متاثر ہو گیا ہے اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔وادی بروزگول میں بھی سیلاب نے تباہی مچائی ہے جہاں تین گھروں سمیت سڑکیں بھی بہہ گئی ہیں۔ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلیف سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔پشاور میں پی ڈی ایم اے (پشاور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے بارشوں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 16 اپریل سے جاری بارشوں کے دوران خیبرپختونخوا میں پیش آنے والے حادثات میں دو افراد جاں بحق اور نو افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں چار مرد، تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بارشوں سے 11 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ یہ حادثات چارسدہ، خیبر، شانگلہ، بٹگرام اور چترال لوئر میں پیش آئے۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں مہیا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ ادارہ تمام ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع دینے کے لیے 1700 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔