لاہور: پنجاب بھر میں 25 جون سے اب تک شدید بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 109 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 438 افراد زخمی ہوئے، ریسکیو 1122 نے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق بارشوں کے دوران سب سے زیادہ جانی نقصان لاہور میں ہوا جہاں 24 افراد جاں بحق ہوئے۔ دیگر اضلاع میں فیصل آباد میں 15، راولپنڈی میں 10، اوکاڑہ میں 8، بہاولنگر میں 7 جبکہ شیخوپورہ میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں مجموعی طور پر 34 افراد جاں بحق ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 25 جون سے اب تک صوبے بھر میں 351 بوسیدہ عمارتوں کے منہدم ہونے کے واقعات پیش آئے، جن میں زیادہ تر اموات انہی حادثات کے باعث ہوئیں۔علاوہ ازیں کرنٹ لگنے کے 22، سڑک حادثات کے 61، آسمانی بجلی گرنے کے 4 اور متفرق نوعیت کے 35 واقعات رپورٹ ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق تمام اضلاع میں ریسکیو ٹیمیں مسلسل الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پرانی و بوسیدہ عمارتوں میں رہائش سے گریز کریں۔