ہانیہ عامر سردار جی 3 میں اہم کردار نبھائیں گی: ناصر چنیوٹی کی تصدیق

ہانیہ عامر سردار جی 3 میں اہم کردار نبھائیں گی: ناصر چنیوٹی کی تصدیق

ویب ڈیسک: پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی نے تصدیق کی ہے کہ ہانیہ عامر بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

پچھلے کچھ عرصے سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ہانیہ عامر بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی فلم سردار جی 3 میں نظر آئیں گی۔ حالیہ دنوں میں، پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم میں وہ خود اور ہانیہ عامر ساتھ کام کر رہے ہیں۔ناصر چنیوٹی نے کہا کہ ہانیہ عامر کسی سائیڈ رول میں نہیں بلکہ فلم کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ انہوں نے ہانیہ کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باکمال اداکارہ ہیں اور ان کا کام بہت شاندار رہا ہے۔

چنیوٹی نے مزید کہا کہ فلم دیکھنے والوں کے لیے یہ ایک سرپرائز ہو گا کیونکہ ہانیہ پنجابی بول کر سب کو حیران کر دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہانیہ نے پنجابی میں اتنی بہترین اداکاری کی ہے کہ لوگ ان کی پنجابی بولنے کی مہارت کو سراہیں گے۔یہ فلم سردار جی 3 بھارتی پنجابی سنیما کی مشہور فرنچائز کا حصہ ہے، جس کی کاسٹ اور کہانی کے حوالے سے پروڈیوسرز نے ابھی تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا۔