ویب ڈیسک:پنجاب کے شہر عارف والا کے علاقے 52 ای بی بلوچاں والا میں ایک انتہائی افسوسناک اور شرمناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون کو نہ صرف زیادتی کا نشانہ بنایا گیا بلکہ اس کے بال کاٹ کر واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔
پولیس کے مطابق، اللہ رکھا نامی ملزم زبردستی خاتون کے گھر میں گھس آیا اور زیادتی کی۔ واقعے کے دوران وہ نہ صرف خاتون کو بلیک میل کرتا رہا بلکہ ویڈیو بھی بناتا رہا۔ متاثرہ خاتون فاطمہ بی بی کی مدعیت میں پولیس نے دو نامزد اور تین نامعلوم افراد کے خلاف مختلف فوجداری دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔خاتون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ رکھا اس پر جنسی تعلقات قائم رکھنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا، اور انکار پر اس نے یہ ظلم کیا۔ واقعے کے بعد ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خاتون کے بال کاٹے اور اس کی ویڈیو بنائی۔
تھانہ صدر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے کے لیے کیس کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔یہ واقعہ معاشرے میں خواتین کے تحفظ سے متعلق ایک سنگین سوالیہ نشان ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا شرمناک عمل نہ دہرائے۔