پانی کی کمی کے باعث پنجاب میں گندم کی فصل متاثر ہونیکا خدشہ

 دو مہینے سے پانی بند ہے جس کے باعث فصل کی نشوونما بھی شدید متاثر ہے،کسان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب بھر میں گندم کی فصل کو اس وقت پانی کی اشد ضرورت ہے تاہم بھل صفائی کیلیے نہریں بند ہونے اور بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی فصل متاثر ہونے کے خدشات کسانوں کو پریشان کیے ہوئے ہیں۔گندم کی فصل کو اس وقت پانی کی اشد ضرورت ہے لیکن ایک طرف تو بارشیں نہیں برسیں اور دوسری جانب بھل صفائی کے لیے نہروں کی بندش کے دورانیے میں اضافے سے نہری پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔ خشک سالی کا مقابلہ کرنے کے لیے کئی علاقوں میں تو کسان نکاسی آب کے نالوں سے کھیتوں کو سیراب کر رہے ہیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ بارانی اور نہری رقبے برابر ہوگئے ہیں، دو مہینے سے پانی بند ہے جس کے باعث فصل کی نشوونما بھی شدید متاثر ہے۔زرعی ماہرین کا کہنا ہے درجہ حرات بڑھنے کے ساتھ گندم کی فصل کے لیے پانی کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے، نہری پانی اور بارش نہ ہونے کے باعث کسان ٹیوب ویلوں سے کھیتوں کو سراب کریں۔تاہم فصلوں کو سیراب کرنے کے لیے زمینی پانی کے استعمال میں ایک قباحت یہ بھی ہے کہ اکثر علاقوں میں زیر زمین پانی انتہائی غیر میعاری ہے۔