پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد اضافے کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد اضافے کا اعلان

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 7 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ سات روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26 روپے 88 پیسے اضافہ ہوا ہے، جبکہ اسی عرصے میں پیٹرول بھی فی لیٹر 20 روپے مہنگا کیا گیا ہے۔ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے نمایاں اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹرز کے اخراجات میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے بعد مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے دیگر اخراجات بھی پہلے ہی زیادہ ہیں، اس لیے موجودہ صورتحال میں پرانے کرایوں پر مال برداری کی خدمات جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں 7 فیصد اضافے کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں اشیائے ضروریہ اور دیگر سامان کی ترسیل کی لاگت بڑھنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافے کے اثرات اشیائے خورونوش سمیت مختلف مصنوعات کی قیمتوں پر پڑنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مال برداری کے اخراجات بڑھنے سے سپلائی چین کے مجموعی اخراجات میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کا بالواسطہ اثر صارفین تک پہنچنے والی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔گڈز ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں ٹرانسپورٹ کے شعبے پر مالی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، جبکہ کاروباری حلقے بھی بڑھتے ہوئے ترسیلی اخراجات کو تشویش کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔