پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز پر عائد ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر اضافی چارجز فوری طور پر واپس لیے جائیں، کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں انہیں کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں اور متعدد مالکان اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس شعبے کو فوری ریلیف دینا ناگزیر ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ نظرثانی کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔

اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جو اس سے قبل 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی سے کیا گیا ہے۔