مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 2400 دکانوں کی نشاندہی کرلی گئی ،متبادل دکانیں فراہم کرنے کا پلان
لاہور( خصوصی رپورٹ )لاہور کے تاریخی ورثے کو اصل طرز اور شہری ساخت کے مطابق بحال کرنے کے منصوبے میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی تبدیلیوں کی تیاری کرلی گئی ہے۔منصوبے کے تحت اندرون شہر کے مختلف داخلی راستوں اور اطراف میں سڑکوں کی توسیع کی جائے گی، جس کے لیے مختلف مقامات پر موجود مجموعی طور پر 2400 دکانوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ سرکلر روڈ کے علاوہ ٹیکسالی گیٹ، موری گیٹ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم اور شیرانوالہ گیٹ کے اطراف موجود کاروباری مراکز بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔منصوبے کے تحت متاثر ہونے والے دکانداروں کو متبادل فراہم کرنے کے لیے بھی لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے زیر تعمیر اندرون شہر کے تین زیر زمین پارکنگ پلازوں میں ان دکانداروں کو متبادل دکانیں فراہم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔مسمار ہونے والی دکانوں کے بدلے متاثرہ کاروبار کو انہی منصوبوں کے تحت نئی جگہ فراہم کی جائے گی۔ دکانوں کی منتقلی اور تعمیراتی کام کے دوران کاروبار متاثر ہونے کی صورت میں مالی معاونت کے لیے فنڈز کی پروویڑن رکھنے پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے۔