لاہور میں خواتین سے مبینہ زیادتی کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن پر پولیس نے مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق مصطفیٰ ٹاؤن کے علاقے میں خواتین سے زیادتی کے دو مختلف واقعات سامنے آئے ہیں، جبکہ ہنجروال میں بھی مبینہ زیادتی کے دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت اور نشتر کالونی کے علاقوں میں بھی خواتین سے مبینہ زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مختلف واقعات میں متاثرہ خواتین کو مبینہ طور پر ورغلا کر جبکہ بعض واقعات میں گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔متعلقہ تھانوں کی پولیس نے متاثرہ خواتین کے بیانات قلمبند کرنے کے ساتھ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے مختلف واقعات سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ واقعات کے محرکات اور مبینہ ملزمان سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام کے مطابق تمام واقعات کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔