لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی پیر کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر ایک خاتون سے زیادتی کے سنگین الزام سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے چند روز قبل خود کو روحانی عامل (پیر) ظاہر کرتے ہوئے ایک خاتون کو ورغلا کر نشانہ بنایا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم دم کرنے کے بہانے متاثرہ خاتون کے گھر گیا، جہاں مبینہ طور پر اس نے خاتون کو اکیلا پا کر زیادتی کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم فاروق نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ جعلی پیر بن کر پہلے بھی متعدد افراد کو مبینہ طور پر لوٹ چکا ہے۔
ایس ایچ او کاہنہ عامر شہزاد کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔یہ واقعہ لاہور میں پیش آیا، جہاں پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔