ویر زارا میں شبو کا کردار ادا کرنے پر تحفظات تھے‘ دیویا دتہ

 یش چوپڑا کی فلم میں کام کرنا ہر اداکار کا خواب ہوتا ہے:بھارتی اداکارہ
ممبئی (شوبز ڈیسک)بھارتی اداکارہ دیویا دتہ نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے شاہ رخ خان کی مقبول فلم ویر زارا میں شبو کا کردار ادا کرنے پر کچھ تحفظات تھے۔دیویا دتہ نے بتایا ہے کہ اگرچہ ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ معروف فلم ساز یش چوپڑا کی فلم میں کام کرے، تاہم مجھے خدشہ تھا کہ ویر زارا جیسی رومانوی فلم میں مخصوص کردار ادا کرنے کے بعد مجھے ایک ہی طرح کے کرداروں تک محدود کر دیا جائے گا۔دیویا دتہ نے کہا کہ یش چوپڑا کی فلم میں کام کرنا ہر اداکار کا خواب ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یش چوپڑا کی فلمیں دیکھتے ہوئے بڑی ہوئی ہوں اور ہمیشہ خواب دیکھا کرتی تھی کہ مجھے بھی کبھی ان کی فلم میں کام کرنے کا موقع ملے گا، جب انسان کسی چیز کی حقیقی خواہش کرے اور اسے حاصل کرنے کی کوشش کرے تو کائنات بھی اس کے لیے راستے بناتی ہے۔دیویا دتہ نے بتایا کہ جب مجھے ویر زارا میں کردار ملا تو میں چاہتی تھی کہ یش چوپڑا کی روایتی فلموں کی طرح مجھے بھی خوبصورت شیفون کی ساڑھیوں میں دکھایا جائے، لیکن مجھے شبو کا کردار ادا کرنا تھا، جس کے باعث مجھے ابتدا میں کچھ تذبذب کا سامنا رہا۔انہوں نے کہا ہے کہ مجھے اس طرح کا کردار کرنے کے حوالے سے واقعی کچھ خدشات تھے، تاہم فلم کی ریلیز کے بعد صورتِ حال بالکل مختلف ثابت ہوئی۔ اداکارہ کے مطابق فلم میں میرے کردار کو آج بھی ناظرین کی جانب سے ملنے والی محبت قابلِ ذکر ہے۔