موجودہ نظام ناکام ،دنیا آگے بڑھ رہی ہے، ہم برسوں پرانے نظام سے جڑے ہیں،وفاقی وزیر
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیرمواصلات اورصدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے وفاقی وزیر مذہبی امورسردار محمد یوسف نے ملاقات کی،جس میں نئے صوبوں،انتظامی یونٹس،ملکی وسیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار محمد یوسف نے خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کی تشکیل کی حمایت پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور نئے صوبوں کیلئے آواز بلند کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ نئے صوبے صوبوں کی تقسیم نہیں بلکہ بہترتنظیم کا معاملہ ہیں،چاروں صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل وقت کا تقاضا ہے،سیاست کے بجائے عوامی مسائل کا بہتر حل تلاش کرنا ہوگا اورہرشہری کو تعلیم، صحت اوربنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔صدرآئی پی پی کاکہناتھا کہ موجودہ صوبائی نظام عوام کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے،دنیا آگے بڑھ رہی ہے جبکہ ہم برسوں پرانے نظام سے جڑے ہوئے ہیں۔