صوبوں کا نظام ناکام ‘ چھوٹے انتظامی یونٹس بنانا ہوں گے: شاہد خاقان

 یا تو صوبوں کے اندر انتظامی یونٹس بنائیں یا اختیارات نچلی سطح تک منتقل کریں
 اٹھارویں ترمیم کرنے والوں کی نیت اور سوچ درست تھی‘ عملدرآمد کرانے میں ناکامی ہوئی
 کراچی(آئی این پی)سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے بھی ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس بنانے کی حمایت کر دی ہے۔ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا  کہ پاکستان میں صوبوں کا نظام ناکام ہو چکا، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں میں بادشاہت کا نظام رائج ہو گیا ہے۔سینئر سیاستدان نے کہا کہ جب تک ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس نہیں بنیں گے، معاملہ نہیں چلے گا۔ یا تو صوبوں کے اندر انتظامی یونٹس بنائیں یا اختیارات نچلی سطح تک منتقل کریں، اس کے بغیر حل ممکن نہیں۔ تاہم جو بھی کام کرنا ہے وہ اتفاق رائے سے کیا جائے۔سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کہا کہ اٹھارویں ترمیم کرنے والوں کی نیت اور سوچ درست تھی۔ مگر اس ترمیم پر عملدرآمد کرانے میں ناکامی ہوئی، جس کی وجہ سے صوبوں میں بادشاہت کا نظام رائج ہوگیا۔ اب جو صوبے کا وزیراعلی چاہتا ہے وہی ہوتا ہے۔