دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قوم کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،سپیکر
لاہور(سپیشل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ قومی سلامتی، سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یکساں اہمیت دی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خاں کے ہمراہ نئے دیپالپور جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کے چیمبرز کا افتتاح کیا اور اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے سنگین چیلنجز کا سامنا کرتا آیا ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں معصوم شہریوں، طلبہ، نمازیوں، وکلا اور معاشرے کے دیگر طبقات نے جانوں کی قربانیاں دیں، جبکہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں نے بھی ملک کے امن اور سلامتی کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ ضروری ہے، تاہم پائیدار امن کے لیے سیاسی استحکام، قانون کی بالادستی، مؤثر ادارہ جاتی نظام اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی بھی ناگزیر ہے