قاہرہ: مصر کی وزارتِ آثارِ قدیمہ نے انکشاف کیا ہے کہ قاہرہ کے ایجپشن میوزیم کی لیبارٹری سے 3 ہزار سال پرانا سونے کا کڑا پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ قیمتی کڑا فرعون آمنموپ کے دورِ حکمرانی (اکیسویں سلطنت: 1070 تا 945 قبل مسیح) سے تعلق رکھتا ہے۔وزارت کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں کہ کڑا آخری بار کب دیکھا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ انوینٹری چیک کے دوران اس کی گمشدگی سامنے آئی، تاہم اب تک باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی۔واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی راستوں پر موجود آثارِ قدیمہ یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ نوادرات کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے۔یاد رہے کہ قاہرہ کے تحریر اسکوائر میں واقع ایجپشن میوزیم میں ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد قیمتی نوادرات موجود ہیں، جن میں فرعون آمنموپ کا مشہور سنہری ماسک بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب یکم نومبر کو گریٹ ایجپشن میوزیم کے افتتاح کی تیاریاں جاری ہیں۔