برازیل میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، آسٹریلوی بزنس مین ہلاک، بھاری مقدار میں کوکین برآمد

برازیل میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، آسٹریلوی بزنس مین ہلاک، بھاری مقدار میں کوکین برآمد

برازیل: ساحلی شہر کورورائپے میں ایک چھوٹا طیارہ گنے کے کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔

حکام کے مطابق حادثے میں 46 سالہ آسٹریلوی بزنس مین اور رجسٹرڈ پائلٹ ٹموتھی جیمز کلارک موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔حادثے کے بعد جب حکام نے طیارے کے ملبے کی تلاشی لی تو وہاں سے بھاری مقدار میں کوکین برآمد ہوئی۔ منشیات کو پلاسٹک کی اینٹوں کی شکل میں لپیٹا گیا تھا اور ان پر امریکی ارب پتی ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) کا لوگو چسپاں تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ طیارہ زمبیا میں رجسٹرڈ تھا اور اس کے ذریعے برازیل میں تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر مالیت کی منشیات اسمگل کی جا رہی تھی۔

ماہرین کے مطابق یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے کہ منشیات فروشوں نے عالمی شہرت یافتہ برانڈز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لوگو استعمال کیے ہوں۔ اس سے قبل بھی رپورٹس میں سامنے آ چکا ہے کہ اسکائپ، ٹرپ ایڈوائزر، ٹیسلا اور حتیٰ کہ کارٹون کردار جیسے سمپسنز اور منیئنز کے ڈیزائن بھی غیر قانونی منشیات کی مارکیٹنگ کے لیے استعمال کیے گئے ہیں۔تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ منشیات فروش اس طرح کے حربوں کے ذریعے اپنی مصنوعات کے لیے ایک قسم کی "برانڈ ویلیو" تخلیق کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ خریداروں کو متوجہ کیا جا سکے۔