جرمنی میں ہالینڈ کی سرحد کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں تین ڈچ شہری ہلاک ہوگئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 57 اور 58 سالہ دو مرد جبکہ 23 سالہ ایک خاتون شامل ہیں۔وزارت خارجہ کے مطابق طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 25 منٹ پر ہالینڈ کے شہر ہلورسوم کے ایک چھوٹے ہوائی اڈے سے پرواز کی تھی۔ تقریباً 11 بج کر 18 منٹ پر جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ایرکلنز کے علاقے گردیراتھ کے قریب طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے کچھ دیر بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔حکام کے مطابق طیارے میں صرف تینوں ہلاک شدگان سوار تھے۔ طیارہ ہلورسوم فلائٹ اسکول میں رجسٹرڈ تھا، جس کی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات سامنے آنے تک تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔ہالینڈ کے سیفٹی بورڈ نے ابتدائی تحقیقات میں معاونت کے لیے دو فضائی تحقیقاتی ماہرین بھی روانہ کیے ہیں۔