ویب ڈیسک:اکتوبر 2024 کے دوران پاکستان کی کارکنوں کی ترسیلات زر میں 3.1 ارب ڈالرز کی ریکارڈ آمد ہوئی ہے، جو اس بات کا غماز ہے کہ عالمی سطح پر پاکستانی کارکنوں کی مالی معاونت میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ 6.7 فیصد اور سال بہ سال 23.9 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو جولائی تا اکتوبر مالی سال 2025 کے دوران پاکستان میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی آمد 11.8 ارب ڈالرز رہی، جو کہ پچھلے مالی سال 2024 کے اسی عرصے کی ترسیلات زر یعنی 8.8 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 34.7 فیصد کا نمایاں اضافہ ظاہر کرتا ہے۔اکتوبر 2024 کے دوران ترسیلات زر کی سب سے بڑی مقدار سعودی عرب سے آئی، جو کہ 766.7 ملین ڈالرز تھی۔ اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات نے 620.9 ملین ڈالرز، برطانیہ نے 429.5 ملین ڈالرز اور ریاستہائے متحدہ امریکہ نے 299.3 ملین ڈالرز کی ترسیلات زر پاکستان بھیجی ہیں۔یہ اعداد و شمار پاکستان کی معیشت کے لیے خوش آئند ہیں، کیونکہ ترسیلات زر ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور مجموعی معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔