گوجرانوالہ کے علاقے موڑ ایمن آباد میں فوڈ پوائزنگ کے ایک دلخراش واقعے میں انٹرنیشنل کبڈی پلیئر نوید پہلوان کی 14 سالہ بیٹی ایمن فاطمہ بھی چل بسیں، جس کے بعد اس سانحے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی۔
پولیس کے مطابق ایمن فاطمہ دو دن سے چلڈرن ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔اس سے قبل نوید پہلوان کے دیگر تین بچے 11 سالہ نور فاطمہ، 8 سالہ حیدر اور 5 سالہ جنت بھی اسی واقعے میں جاں بحق ہو چکے تھے۔ یہ سانحہ 29 جون کو پیش آیا جب نوید پہلوان کے اہل خانہ نے سالگرہ کی تقریب میں مقامی فاسٹ فوڈ کھایا اور اس کے بعد سب کی طبیعت خراب ہو گئی۔ابتدائی طور پر فوڈ پوائزنگ کو سبب قرار دیا جا رہا ہے، اور واقعے کے بعد متعلقہ دکانداروں کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ابھی تک کھانے میں مضر صحت مادے کی حتمی رپورٹ جاری نہیں کی۔