پورا نظام ہی بے ایمانی پر چل رہا ہے:جسٹس محسن اخترکیانی

 پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ  افراد کے سرکاری کام کرنے کیخلاف درخواست میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ذاتی حیثیت میں طلب  
 مقدمہ درج کرنے کا آرڈر نہیں دے رہا ورنہ یہ 9لوگ جیل چلے جائیں گے:جسٹس محسن اختر کیانی  کے ریمارکس
اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام  آباد ہائیکورٹ نے  پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ اشخاص کے سرکاری کام کرنے کے خلاف درخواست میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔اسلام آباد کے پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ اشخاص کے سرکاری کام کرنے کی درخواست پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی عدالت  نے ریمارکس دئیے پٹواریوں کی 45 سیٹوں پر صرف نو پٹواری کام کر رہے ہیں پٹواریوں نے بھی آگے منشی رکھے ہوئے ہیں۔ اسلام اباد کی پوسٹیں کسی اور صوبے کے لئے نہیں ہیں ،میں مقدمہ درج کرنے کا آرڈر نہیں دے رہا ورنہ یہ نو لوگ جیل چلے جائیں گے۔ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی پوسٹیں لوکل ہیں فیڈرل کی نہیں چیف کمشنر کو تو فائدہ ہے نو بندوں سے 45 کا کام کروا رہے ہیں ۔پورا نظام ہی بے ایمانی پر چل رہا ہے۔ آئندہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر عدالت کے روبرو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔