جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کو فوری بحالی اور بروقت امداد دی جائے: رانا ثنا اللہ سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے فلاحی و بین الاقوامی اداروں سے سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے یہ بات وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر و نو منتخب سینیٹر رانا ثنا اللہ کی ایوانِ صدر میں قائم مقام صدر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال قانون سازی اور ایوانِ بالا کے امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ رانا ثنا اللہ کی بطور سینیٹر صدر مملکت سے پہلی رسمی ملاقات تھی ۔اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی فوری بحالی اور بروقت امداد پر زور دیا اور کہا ہے کہ سیلابی پانی سے متاثرہ اضلاع میں وبائی امراض جنم لے رہے ہیں، فوری طبی امداد اور ساز و سامان کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے بھی قائمقام صدرِ مملکت سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور پارٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی ۔