کنگ سلمان کی پنجاب میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی امداد کی فراہمی

امدادی سامان کی تقسیم قصور، جلالپور، علی پور ، لیاقت پور ، راجن پور اور بہاولنگر میں شروع
اسلام آباد(آن لائن)کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹرنے پنجاب میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بڑے پیمانے پر ہنگامی ریلیف قافلہ روانہ کیا ہے۔امدادی سامان کی تقسیم سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شروع کر دی گئی ہے، جن میں قصور، جلالپور (ملتان)، علی پور (مظفرگڑھ)، لیاقت پور (رحیم یار خان)، راجن پور اور بہاولنگر شامل ہیں، جہاں ہزاروں مستحق خاندانوں کو غذائی پیکجز اور نان فوڈ آئٹم کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔کنگ سلمان ریلیف سنٹرنے اس امدادی کارروائی کے لیے 10,000 شیلٹر نان فوڈ آئٹم کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجز مختص کیے ہیں۔ ہر شیلٹر کٹ میں ایک خیمہ، سولر پینل بمعہ ایل ای ڈی لائٹس، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک کی چٹائیاں، پائیدار کچن سیٹ، پانی کا کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل ہیں۔ جبکہ ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے جس میں آٹا، چینی، دالیں اور کھانا پکانے کا تیل شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں