اگست میں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 12.49 اور ماہانہ بنیاد پر 10.39 فیصد کمی ریکارڈ، جو ملکی برآمدی شعبے کیلئے تشویشناک اشارہ ہے
اسلام آباد (آن لائن) مالی سال 2025-26 کے پہلے دو ماہ (جولائی تا اگست) کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 29 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ بڑھ گیا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اگست کے مہینے میں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 12.49 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 10.39 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو ملکی برآمدی شعبے کے لیے تشویشناک اشارہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اگست برآمدات 5.10 ارب ڈالر رہیں، جس میں صرف 0.65 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دوسری جانب اسی عرصے میں درآمدات میں 14.53 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم 11.12 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ برآمدی اشیاء میں نمایاں کمی دیکھی گئی، نٹ ویئر کی برآمدات میں سالانہ 2.28 اور ماہانہ 13.58 فیصد کمی ہوئی، جب کہ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سالانہ 8.26 اور ماہانہ 18.40 فیصد کم ہوئیں۔ بیڈ ویئر کی برآمدات میں بھی سالانہ 5.94 اور ماہانہ 9.60 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کپاس کے کپڑے کی برآمدات میں سالانہ 12.44 فیصد کمی آئی تاہم ماہانہ بنیاد پر 10.52 فیصد اضافہ ہوا۔ چاول کی برآمدات سالانہ 39.40 اور ماہانہ 15.87 فیصد کم ہوئیں، جبکہ باسمتی چاول کی برآمدات میں سالانہ 47.72 اور ماہانہ 7.90 فیصد کمی دیکھی گئی۔