پختون یار ،سجاد بارکوال کی شمولیت کیلئے وزیر اعلیٰ سے رابطے، بیرسٹر سیف پراختلاف، ملاقاتوں کے سلسلے جاری
پشاور (خصوصی رپورٹ)خیبر پختونخوا کی نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر متعدد سابق وزراء کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے دبائو ہے۔ذرائع کے مطابق پختون یار اور سجاد بارکوال کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے سہیل آفریدی سے مسلسل رابطے کیے جا رہے ہیں۔ کے پی ہائوس اسلام آباد میں رات گئے وزیرِ اعلیٰ سے پارٹی کے اہم رہنمائوں کی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔پارٹی کے بعض حلقوں کی جانب سے تیمور سلیم جھگڑا کو محکمہ صحت کے بجائے مشیرِ خزانہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی وزیرِ اعلیٰ سے کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سیف کو کابینہ میں شامل کرنے پر پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر سمیت دیگر رہنمائوں کو شدید تحفظات ہیں۔ پارٹی کے اہم حلقوں نے وزیرِ اعلیٰ کو تجویز دی ہے کہ کابینہ کی تشکیل سینئر رہنمائوں سے مشاورت کے بعد کی جائے۔