موبائل ہیلتھ پروگرام مارچ تک پنجاب کے 12 اضلاع تک پھیلایا جائے گا مریم نواز

 ابتدائی طور پر لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں 46 لاکھ سے زائد صنعتی ورکرز اور  اہل خانہ کو دہلیز پر جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی
بیماریوں کی بروقت تشخیص میں مدد ملے گی ‘ ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ  کم ہوگا‘:سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب
پنجاب سی ایم ای بائیکس سکیم میں 13 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کرالی‘ تعلیم تک رسائی آسان بنانا  ترجیح ہے:وزیراعلی 
 لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صنعتی ورکرز کے لیے 'سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام' کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں 46 لاکھ سے زائد صنعتی ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو گھر کی دہلیز پر جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ آفس کے اعلامیے کے مطابق اس منفرد پروگرام کے ذریعے رجسٹرڈ محنت کشوں کو ان کے کام کی جگہ (فیکٹری یا صنعتی یونٹ) جبکہ ان کے اہل خانہ کو گھر پر علاج معالجے کی سہولت میسر ہوگی۔ اس فلاحی منصوبے کو مارچ 2027 تک پنجاب کے مزید 12 اضلاع اور شہروں تک توسیع دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان اور راولپنڈی شامل ہیں۔افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل سکیورٹی موبائل ہسپتال، موبائل ڈینٹل ہسپتال اور موبائل ہیلتھ بائیکس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موبائل بائیکس پر موجود ادویات اور طبی آلات کے بارے میں بریفنگ لی اور ایک ڈیوائس کے ذریعے اپنا درجہ حرارت بھی چیک کیا۔ اس دوران وزیر محنت منشأ اللہ بٹ اور سیکرٹری دانش افضال نے انہیں پروگرام کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے 24 سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایک کروڑ سے زائد صنعتی ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو علاج اور ادویات کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (پسی) کے تحت 250 میڈیکل آؤٹ لیٹس کے ذریعے بھی محنت کشوں کا علاج جاری ہے۔مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ موبائل ہیلتھ پروگرام سے پہلی مرتبہ محنت کشوں کو ان کی کام کی جگہوں پر معیاری علاج میسر آئے گا، جس سے بیماریوں کی بروقت تشخیص میں مدد ملے گی اور بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔
دریثں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سی ایم ای بائیکس سکیم میں نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی سامنے آئی ہے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق سکیم کے تحت 13 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی جبکہ 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو سکیم کا پراسیس جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سفری سہولیات کی فراہمی اور بالخصوص طالبات کیلئے تعلیم تک رسائی آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے