غربت کے خاتمے کو ترقی کے بنیادی ایجنڈے کے طور پر اپنایا: احسن اقبال

پاکستان میں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں کوئی شخص محرومی، بھوک یا مایوسی کا شکار نہ ہو
معاشی استحکام سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں، آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے اور غربت کے بادل چھٹنے لگتے ہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے  حکومت نے غربت کے خاتمے کو قومی ترقی کے بنیادی ایجنڈے کے طور پر اپنایا ہے۔انہوں  نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان کی ترجیحات کا مرکز ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں کوئی شخص محرومی، بھوک یا مایوسی کا شکار نہ ہو، اس مقصد کے لیے ’’اڑان پاکستان‘‘ فریم ورک کے تحت پائیدار ترقی، سماجی انصاف اور خوشحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔ جب معیشت کو استحکام ملتا ہے تو اس کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچتے ہیں ، معاشی استحکام سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں، آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے اور غربت کے بادل چھٹنے لگتے ہیں، حکومت نے اپنی ترقیاتی منصوبہ بندی میں غریب اور کمزور طبقوں کو مرکز نگاہ بنایا ہے۔