دنیا کو ان مسائل کو دیکھنا ہوگا جو لاکھوں انسانوں کو مایوسی کی طرف دھکیل رہے ہیں‘یہ وقت جغرافیائی تقسیم سے بالاتر ہو کر انسانی بنیادوں پر مشترکہ اقدامات کرنے کا ہے
شہداء کارساز کے لہو نے جمہوریت کی روشنی کو مزید جلا بخشی، 18 اکتوبر 2007ء قوم کی روح پر نقش دن ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: چیئرمین پیپلز پارٹی
کراچی (آئی این پی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ماحولیاتی تبدیلی، تنازعات اور معاشی عدم مساوات دنیا بھر میں غربت بڑھا رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا غربت، عدم مساوات اور سماجی ناانصافی کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے تحت پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ قائدِ عوام اور شہید محترمہ نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں زندگیاں وقف کردیں۔ غربت میں کمی لانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام متعارف کروایا، جو غربت کے خلاف سب سے مثر اور شفاف سماجی تحفظ کا نظام ہے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خواتین کو بااختیار بناتا اور خاندانوں کو سہارا دیتا ہے۔ یہ پروگرام نسل در نسل چلتی خاندانوں کی غربت کے چکر کو توڑ سکتا ہے‘دریں اثناء سانحہ کارساز کے شہداء کے 18ویں یومِ شہادت پر پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا 18 اکتوبر 2007ء کا دن قوم کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جب 30 لاکھ سے زائد عوام نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیا، مگر آمریت اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ نے اس کاروانِ جمہوریت پر ہولناک حملہ کیا جس میں 180 بہادر جیالے جامِ شہادت نوش کر گئے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارساز کے حملے کا مقصد جمہوریت کی روشنی کو بجھانا تھا، مگر شہداء کے لہو نے اس روشنی کو مزید روشن کر دیا۔انہوں نے عہد کیا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہداء کارساز کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے