ہوبارٹ: انگلینڈ نے ہوبارٹ کے بیلیریو اوول میں پہلی مرتبہ ون ڈے میچ جیت کر آٹھ سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی۔
سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں انگلش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان آسٹریلیا کو 97 رنز سے شکست دے دی۔بیلیریو اوول میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 328 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 133 رنز کی سنچری اسکور کی، جبکہ ول جیکس نے 59 رنز کی نصف سنچری بنائی۔ٹام بیٹن بھی 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر انگلش بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔آسٹریلیا کی جانب سے جیک ایڈورڈز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ رینشا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی اور ٹریوس ہیڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم انگلش بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور 46.5 اوورز میں 231 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ میٹ رینشا 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ایلکس کیری نے 37 اور جیک ایڈورڈز نے 31 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، لیام ڈوسن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ گس ایٹکنسن اور کپتان ہیری بروک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔