جنوبی کوریا میں خاتون نے طلاق کو جشن میں بدل دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

جنوبی کوریا میں خاتون نے طلاق کو جشن میں بدل دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

سیئول: جنوبی کوریا میں ایک خاتون نے شادی ختم ہونے پر افسردہ ہونے کے بجائے طلاق کا جشن منا کر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

 خاتون نے اپنی نئی زندگی کے آغاز کو خوشی کے ساتھ منانے کے لیے دوستوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔37 سالہ چو سیونگ یون ایک بچے کی والدہ اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر ہیں۔ انہوں نے اپنی طلاق کے موقع پر باقاعدہ تقریب منعقد کی، جس میں ان کے قریبی دوستوں نے شرکت کی اور ان کے نئے سفر کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔خاتون کے مطابق اس تقریب کا مقصد طلاق یافتہ خواتین کے حوالے سے معاشرے میں موجود منفی سوچ اور روایتی تصورات کو چیلنج کرنا تھا۔ وہ چاہتی تھیں کہ شادی ختم ہونے کو زندگی کا اختتام سمجھنے کے بجائے ایک نئے آغاز کے طور پر دیکھا جائے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں چو سیونگ یون کو چمکدار لباس پہنے دوستوں کے درمیان خوشی مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تقریب کے دوران انہوں نے کیک کاٹا، شرکا سے خطاب کیا اور دوستوں کے ساتھ جشن منایا، جبکہ وہاں موجود افراد نے تالیاں بجا کر انہیں مبارک باد دی۔خاتون نے اپنی ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ان کی طلاق کی تقریب شادی کی تقریب سے بھی زیادہ شاندار تھی۔ ان کے اس انداز نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔