واشنگٹن: امریکی سینیٹ کی اپروپری ایشنز کمیٹی کی بجٹ دستاویزات میں ممکنہ نئے جوہری ہتھیار کا نام B94 سامنے آنے کے بعد امریکا کے جوہری پروگرام سے متعلق نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
مالی سال 2027 کے لیے محکمہ توانائی کے فنڈنگ بل کے مسودے میں اس ممکنہ منصوبے کے لیے اضافی 7 کروڑ 71 لاکھ 8 ہزار ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔دفاعی امور پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق B94 کا نام بجٹ مسودے کے ساتھ منسلک وضاحتی دستاویز میں درج ہے۔ تاہم دستاویز میں اس ہتھیار کی ساخت، ڈیزائن، تباہ کن صلاحیت یا ممکنہ استعمال سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ B94 ایک ایسا خصوصی جوہری ہتھیار ہوسکتا ہے جسے زمین کے اندر انتہائی گہرائی میں موجود فوجی تنصیبات اور حساس اہداف کو تباہ کرنے کے لیے تیار کیا جائے۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس امکان کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
اس ممکنہ منصوبے کے سامنے آنے کے بعد امریکا کی زیرِ زمین فوجی تنصیبات اور دیگر مضبوط دفاعی اہداف کو نشانہ بنانے کی جوہری صلاحیت سے متعلق سوالات دوبارہ زیرِ بحث آگئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر B94 واقعی ایک نئے جوہری بم کا نام ہے تو یہ تین دہائیوں سے زائد عرصے میں امریکا کا اپنی نوعیت کا پہلا نیا جوہری ہتھیار ہوسکتا ہے۔ تاہم بجٹ دستاویز میں کسی منصوبے کے نام اور فنڈنگ کی تجویز کا موجود ہونا اس بات کا حتمی ثبوت نہیں کہ ہتھیار تیار ہوچکا ہے یا اس کی تیاری کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
امریکا کا موجودہ زیرِ زمین اہداف کو نشانہ بنانے والا بم
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے پاس اس وقت زیرِ زمین گہرائی میں موجود اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے B61-11 نامی جوہری بم موجود ہے۔ اس کی تباہ کن صلاحیت تقریباً 340 سے 400 کلوٹن بتائی جاتی ہے، جبکہ امریکی جوہری ذخیرے میں ایسے بموں کی تعداد 100 سے کم ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔B94 کے ممکنہ منصوبے سے متعلق بجٹ میں فنڈز کی تجویز نے امریکی جوہری ہتھیاروں کے مستقبل اور دفاعی حکمت عملی کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دیا ہے۔