کیلیفورنیا: معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی متعدد آن لائن سروسز میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث دنیا بھر میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرہ سروسز میں آئی کلاؤڈ، ایپل پے، ایپ اسٹور اور ایپل میوزک سمیت دیگر سہولیات شامل تھیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کے روز ایپل کی مختلف آن لائن سروسز میں خرابی سامنے آئی، جس کے باعث صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی، ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے اور آن لائن ادائیگیاں مکمل کرنے میں دشواری پیش آئی۔متعدد صارفین نے شکایات کیں کہ وہ اپنے آئی کلاؤڈ اکاؤنٹس میں لاگ اِن نہیں ہو پا رہے، جبکہ بعض صارفین کو ایپ اسٹور سے ایپس ڈاؤن لوڈ اور اپ ڈیٹ کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسی طرح ایپل پے کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین نے بھی لین دین مکمل نہ ہونے کی شکایات کیں۔ بعض آئی فون اور میک صارفین کے اکاؤنٹس خودکار طور پر لاگ آؤٹ ہوگئے، جبکہ ایپل میوزک اور دیگر آن لائن خدمات تک رسائی بھی متاثر ہوئی۔
سروسز میں خرابی کے باعث ایپل کے صارفین میں تشویش پائی گئی، کیونکہ کمپنی کی متعدد سہولیات روزمرہ ڈیجیٹل سرگرمیوں، ڈیٹا اسٹوریج، ادائیگیوں اور ایپلی کیشنز کے استعمال کے لیے اہم سمجھی جاتی ہیں۔ایپل نے اس تکنیکی خرابی کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ مسئلہ کمپنی کی جانب سے کی گئی ایک اندرونی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے باعث پیدا ہوا تھا۔ کمپنی کے مطابق اس خرابی کا کسی سائبر حملے سے تعلق نہیں تھا۔ایپل کے مطابق منگل کی دوپہر تک متعدد متاثرہ سروسز بحال کر دی گئی تھیں، جبکہ باقی سسٹمز کی مکمل بحالی کے لیے تکنیکی ٹیمیں کام کر رہی تھیں۔