قتل کیس میں رہائی کے بعد ملزم کو شدید رنج تھا ، باپ بیٹی پر فائرنگ کر دی ، راہگیر زخمی ، ملزم گرفتار
دریاخان(خصوصی رپورٹ)بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے عدالت پیشی سے واپسی پر موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ سے باپ بیٹی جاں بحق ایک راہگیر زخمی ،ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ نواحی بستی سیال میں ناصر نامی نوجوان کو نامعلوم ملزموں نے تشدد کر کے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر موبائل ڈیٹا کے ذریعے ملزموں کا سراغ لگا لیا تھا جس میں مقتولہ شہلا اور دو ساتھی شامل تھے۔پولیس نے ملزموں کو گنہگار قرار دیتے ہوئے جوڈیشل کر دیا تھا جو دو ماہ کے قریب جیل میں رہے بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج نے تینوں ملزموں کی ضمانتیں کنفرم کر دیں اور وہ جیل سے رہا ہو گئے جس کا ملزم عنایت اللہ کو شدید رنج تھا گزشتہ روز شہلا اپنے والد سیف اللہ کے ہمراہ سول کورٹ پیشی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے جونہی دْلے والا روڈ سینما موڑ کے قریب پہنچے تو نوجوان ملزم عنایت اللہ نے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آکرباپ بیٹی شدید زخمی ہو گئے جو ابتدائی طبی امداد سے قبل دم توڑ گئے۔اس دوران ایک راہگیر بھی معمولی زخمی ہو گیا، موقع پر موجود شہریوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔مقتولین اور ملزم نواحی بستی سیال کے رہائشی ہیں ،بعد ازاں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔