اڈیالہ جیل کے باہر بانی کی بہنوں کا شاندار استقبال

راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی بہنیں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی پارٹی رہنماؤں اور وکلا کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچ گئیں، تاہم پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر انہیں فیکٹری ناکے پر روک لیا۔ بہنوں کی آمد پر وہاں موجود پی ٹی آئی کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے، جبکہ نعرے بازی بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق منگل کا دن عمران خان سے اہل خانہ کی ملاقات کے لیے مقرر ہے، تاہم پولیس نے بیرئیر لگا کر قافلے کو آگے جانے سے روک دیا۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی اور خالد یوسف چوہدری بھی ملاقات کے لیے پہنچے تھے، مگر انہیں بھی آگے جانے کی اجازت نہ ملی۔ ملاقات نہ ہونے پر کارکنوں نے احتجاج کیا اور جیل کے باہر دھرنے کی صورت حال پیدا ہوگئی۔