ہوٹل میں ہندو فیملی کی سونے کی چین چوری، خاکروب گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) گلبرگ کے ایک ہوٹل میں قیام کرنے والی ہندو فیملی کے سامان سے سونے کی چین غائب ہو گئی۔ متاثرہ فیملی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہوٹل کے عملے سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فیملی کے کمرے میں صفائی کے بہانے داخل ہونے والے خاکروب کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش واردات کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے کمرے میں موجود بیگ سے سونے کی چین نکالی تھی۔ پولیس نے ملزم سے چوری شدہ چین برآمد کرکے متاثرہ فیملی کے حوالے کر دی۔ واضح رہے کہ ہندو فیملی دیوالی کا تہوار منانے کے لیے حیدرآباد سے لاہور آئی ہوئی تھی۔