پہلے مرحلے میں لاہور، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور،ننکانہ صاحب، قصور ،بھکر سمیت 21 اضلاع میں میدان لگے گا

پنجاب :2مراحل میں بلدیاتی دنگل  امیدواروں نے لنگوٹ کس لئے 
گوجرانوالہ ،ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ،فیصل آباد،خوشاب،وہاڑی،گجرات سمیت 20اضلاع میں دوسرے مرحلے میں جوڑ پڑے گا،الیکشن کمیشن کی انتخابی تیاریوں کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت ،امیدوار جوڑ توڑ میں مصروف، میل ملاقاتیں ، مشاورت جاری ، ناراض ساتھیوں کو منانے کی کوششیں تیز 
 لاہور (خصوصی رپورٹ ) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں دو مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پنجاب کے 41 اضلاع میں دو مرحلہ وار پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کردی ،جبکہ امیدوار پہلے ہی الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں ، اس حوالے سے سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے ، ناراض ساتھیوں اور ووٹرز کو منانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ، جبکہ قریبی رفقا سے مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات پہلے مرحلے میں 21 اضلاع میں ہوں گے، ان اضلاع میں چکوال،تلہ گنگ، پاکپتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، ننکانہ صاحب، قصور، راولپنڈی اور مری، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ، لاہور، بہاولپور، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد اور بھکر شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں 20 اضلاع میں انتخابات ہوں گے، ان میں ساہیوال، گوجرانوالہ اور وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہائوالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمیشن دفتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول و انعقاد کے لیے کارروائی کا آغاز کیا جائے اور انتظامی و قانونی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔