7 سال کے دوران پاکستان کی آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافہ‘دیہی آبادی 1.88 ‘ شہری میں اضافے کی شرح 3.67 فیصد رہی
پنجاب کی آبادی بڑھنے کی شرح 2.53 فیصد رہی، دیہی آبادی 1.46 فیصد جبکہ شہری آبادی میں 4.24 فیصد اضافہ ہوا: ادارہ شماریات
اسلام آباد(آن لائن)ادارہ شماریات نے انکشاف کیا ہے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،پنجاب کے شہری علاقوں میںآبادی بڑھنے کی شرح دیہی علاقوں کے مقابلے میں تین گنا تک پہنچ گئی ہے، ضلع ننکانہ صاحب آبادی بڑھنے کی شرح میں سرفہرست ہے، سندھ میں ضلع شرقی کراچی ، خیبر پختونخوامیں ضلع کوہستان اور بلوچستان کے ضلع واشک میں آبادی بڑھنے کی رفتار سب سے تیز ہے۔ ادارہ شماریات نے 2017 سے 2023 تک ملک میں آبادی بڑھنے کی شرح کی تفصیلات جاری کردیں۔ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں آبادی بڑھنے کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں آبادی بڑھنے کی شرح دیہی علاقوں کے مقابلے میں تین گنا تک پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں بھی اضافے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب آبادی بڑھنے کی شرح میں سرفہرست ہے، سندھ میں ضلع شرقی کراچی میں آبادی بڑھنے کی شرح زیادہ رہی، خیبر پختونخوامیں ضلع کوہستان اور بلوچستان کے ضلع واشک میں آبادی بڑھنے کی رفتار سب سے تیز ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 7 سال کے دوران پاکستان کی آبادی میں سالانہ اوسطاً 2.55 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے، دیہی آبادی 1.88 فیصد اور شہری آبادی میں اضافے کی شرح 3.67 فیصد رہی، پنجاب کی آبادی بڑھنے کی شرح 2.53 فیصد رہی، پنجاب کی دیہی آبادی 1.46 فیصد جبکہ شہری آبادی میں 4.24 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع ننکانہ صاحب میں 3.19 فیصد رہی۔