امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ تھائی لینڈ نے امریکی برآمدات پر عائد تمام محصولات ختم کرنے اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے مجوزہ تجارتی معاہدے کو تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے امریکہ اور تھائی لینڈ کے درمیان تجارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کے کاروباری شعبوں کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔ٹرمپ کے مطابق معاہدے کے تحت تھائی لینڈ امریکی مصنوعات کی درآمد پر عائد محصولات ختم کرنے کے علاوہ مختلف غیر محصولاتی تجارتی پابندیاں بھی ختم کرے گا۔ ان مصنوعات میں امریکی گاڑیاں، طبی آلات، ادویات اور ایتھنول سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔
امریکی صدر نے بتایا کہ معاہدے کی باضابطہ تفصیلات کو آئندہ چند ہفتوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔ ان کے مطابق تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے سے امریکی کمپنیوں کو تھائی لینڈ کی منڈی تک رسائی حاصل کرنے میں آسانی ہوگی اور دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔دوسری جانب تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول نے بھی مجوزہ معاہدے کو دونوں ممالک کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات پر مزید کام کرنا باقی ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ معاہدے پر جلد دستخط کر دیے جائیں گے۔