تھائی لینڈ: نشے میں لڑائی کرنے والے 2 امریکی بحری اہلکار جہاز پر واپس بھیج دیے گئے

تھائی لینڈ: نشے میں لڑائی کرنے والے 2 امریکی بحری اہلکار جہاز پر واپس بھیج دیے گئے

تھائی لینڈ میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کے دورے کے دوران نشے میں لڑائی کرنے والے دو امریکی بحری اہلکاروں کو جہاز پر واپس بھیج دیا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح پٹایا کے معروف تفریحی علاقے واکنگ اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، جہاں مقامی افراد نے دو افراد کے درمیان جھگڑے اور شور شرابے کی اطلاع پولیس کو دی۔پٹایا پولیس چیف کرنل انیک سری تھونگ یو کے مطابق دونوں امریکی اہلکار نشے کی حالت میں تھے اور معمولی نوعیت کی لڑائی میں ملوث ہوئے۔پولیس افسر نے واقعے کو معمولی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مقامی شہریوں نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے پولیس کو اطلاع دی تھی۔تھائی پولیس کے مطابق دونوں امریکی اہلکاروں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا، کیونکہ انہوں نے تھائی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی تھی۔ تاہم امریکی بحریہ نے دونوں اہلکاروں کو واپس یو ایس ایس ابراہم لنکن پر بھیج دیا۔واضح رہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن کی تھائی لینڈ آمد کو عالمی میڈیا میں بھی خاص توجہ حاصل ہوئی ہے۔ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز 280 سے زائد دنوں سے سمندر میں تعینات ہے اور اس طویل تعیناتی کے دوران جہاز پر زندگی کے حالات سے متعلق مختلف رپورٹس بھی سامنے آتی رہی ہیں۔