ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ: پاکستان کی بھارت کیخلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعدجیت

پاکستانی ٹیم نے آخری گیند پر نو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا،ایک وکٹ سے فتحیاب، شاہین فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ڈھاکہ میں کھیلے گئے اہم مقابلے میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان درگاہ را 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سنجے کمار نے 30 اور دنا وینکٹیش نے 26 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے بابر علی، بدر منیر اور محمد ادریس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے آخری گیند پر نو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا اور بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ایونٹ کا فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اترے گا۔