وزیراعلیٰ پنجاب انٹر ڈویژن کبڈی چمپئن شپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری

ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
لاہور(یواین پی)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام وزیراعلی پنجاب انٹر ڈویژن کبڈی چیمپئن شپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، جن میں ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ترجمان محکمہ سپورٹس کے مطابق پول میچز میں لاہور ڈویژن نے بہاولپور ڈویژن کو 19 کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے شکست دی جبکہ ساہیوال ڈویژن نے ملتان ڈویژن کو سخت مقابلے کے بعد 30 کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے ہرایا۔ ایک اور دلچسپ مقابلے میں سرگودھا ڈویژن نے بہاولپور ڈویژن کو سخت مقابلے کے بعد 34 کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے شکست دی۔ لاہور ڈویژن نے اپنے دوسرے میچ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ملتان ڈویژن کو 31 کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے زیر کر لیا۔چیمپئن شپ کا پہلا سیمی فائنل ساہیوال اور گوجرانوالہ ڈویژن کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں لاہور اور فیصل آباد ڈویژن کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی چاروں ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔