4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم جرمنی کو پیراگوئے کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ،برازیل نے جاپان کو 2-1سے ہرا کر باہر کردیا
مونٹیری،بوسٹن،ہیوسٹن(سپورٹس ڈیسک )فیفا ورلڈ کپ 2026میں سنسنی خیز اور اپ سیٹ مقابلے جاری ہیں ، چار بار کی چمپئین جرمنی کے علاوہ نیدرلینڈز اور جاپان کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔تفصیل کے مطابق مراکش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہرادیا اور پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔نیدرلینڈز اور مراکش کے درمیان مقابلہ اضافی وقت میں بھی ایک ایک گول سے برابر تھا، دونوں ٹیموں نے کھیل کے مقررہ وقت میں ایک ایک گول اسکور کیا تھا، نیدرلینڈز کی جانب سے گیپکو نے جبکہ مراکش کا گول ڈیوپ نے اسکور کیا تھا۔حتمی فیصلے کے لیے پنالٹی شوٹ آئو ٹ ہوا جس میں دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پنالٹی شوٹ آئو ٹ دئیے گئے، مراکش نے پنالٹی شوٹ آٹ پر نیدرلینڈ کو 3-2 سے ہرا کر فیفا ورلڈکپ سے باہر کردیا۔اب پری کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ کینیڈا سے چار جولائی کو ہوگا۔ اس سے قبل رائونڈ آف 32کے مقابلے میں پیراگوئے نے 4 بار کے عالمی چیمپئن جرمنی کو ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ بوسٹن میں کھیلا گیا میچ مقررہ اور اضافی وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ پھر میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آئوٹ کے سڈن ڈیتھ سیشن میں ہوا۔