مذاکرات ہی ہر مسئلے کا پائیدار اور دیرپا حل ہیں:امیر بہادر خان ہوتی

اے این پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری کی ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات‘جنگ کے شہداء کیلئے دعا
لاہور(خصوصی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے صوبائی جنرل سیکریٹری امیر بہادر خان ہوتی نے اپنے وفد کے ساتھ لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فار سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں رواں جنگ میں ایران میں شھید ہونے والے افراد کیلئے دعا کی گئی جبکہ علاقائی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امیر بہادر خان ہوتی نے حالیہ دنوں ایران پر اسرائیلی و امریکی جارحیت کی شدید مذمت کی اور ایرانی حکومت و عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ "عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد، امن اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں مذاکرات ہی ہر مسئلے کا پائیدار اور دیرپا حل ہیں۔"ملاقات میں قونصل جنرل مہران مواحد فار نے امیر بہادر خان ہوتی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کیساتھ تعلقات کی اہمیت اور ان کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ایران موجودہ حالات کا مضبوطی اور اتحاد سے مقابلہ کررہا ہے جبکہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ روابط کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔"ملاقات میں دو طرفہ سیاسی اور سماجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور علاقائی امن و ترقی کے لیئے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔