بچے کی ولدیت محض نجی ڈی این اے رپورٹ سے ختم نہیں کی جاسکتی لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے برطانیہ کی نجی لیبارٹری کی ڈی این اے رپورٹ مسترد کردی،نجی ڈی این اے ٹیسٹ قانونی طور پر بچے کی ولدیت کا حتمی ثبوت نہیں:جسٹس اسد علی باجوہ 
لاہور(آئی  این پی ) لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت اور ڈی این اے ٹیسٹ سے متعلق اہم  فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا ہے  عدالت کی اجازت کے بغیر بچے کا خفیہ ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ شادی کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی ولدیت محض نجی ڈی این اے رپورٹ سے ختم نہیں کی جاسکتی۔جسٹس اسد علی باجوہ نے اسامہ طاہر اور دیگر کی درخواست خارج کر دی، قرار دیا کہ شادی کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی ولدیت محض نجی ڈی این اے رپورٹ سے ختم نہیں کی جاسکتی، یکطرفہ طور پر کرایا گیا نجی ڈی این اے ٹیسٹ قانونی طور پر بچے کی ولدیت کا حتمی ثبوت نہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت سے انکار کے لئے برطانیہ کی نجی لیبارٹری کی ڈی این اے رپورٹ مسترد کردی، قرار دیا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر بچے کا خفیہ ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ ماں کی رضامندی کے بغیر بچے کے جسمانی نمونے لے کر ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ ڈی این اے کے مطابق یہ میرا بچہ نہیں اس لئے خرچہ لاگو نہیں کیا جاسکتا، لاہور ہائیکورٹ نے فیملی کورٹ اور ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ کے فیصلوں کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔فیصلے کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے معاملے میں بچے کی عزتِ نفس، رازداری اور ذہنی و جذباتی تحفظ مقدم ہے، ڈی این اے ٹیسٹ محض سائنسی سہولت یا فریقین کی خواہش پر نہیں کرایا جا سکتا، بچے کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے سے پہلے اس کے بہترین مفاد اور بنیادی حقوق کا جائزہ لینا ضروری ہے۔فیصلے کے مطابق آئین کا آرٹیکل 14 انسانی عزت و وقار اور نجی زندگی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، درست نکاح کے دوران 6 قمری ماہ سے زائد مدت میں پیدا ہونے والا بچہ شوہر کی قانونی اولاد تصور ہوگا، بچے کی ولدیت کو چیلنج کرنے کے لئے والد کو پیدائش کے بعد 40 روز کے اندر اقدام کرنا ہوگا۔لاہور ہائیکورٹ نے نابالغ بچے کا ماہانہ نان و نفقہ 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا، بچے کے نان و نفقہ میں خوراک، لباس، رہائش، تعلیم اور علاج معالجے کے اخراجات شامل ہیں، بچے کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی نشوونما کے اخراجات بھی نان و نفقہ کا حصہ ہیں۔ بیوی کے جہیز کے سامان کی متبادل قیمت 9 لاکھ 70 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا۔